پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے: چیئرمین سینیٹ

148

اسلام آباد، 19 فروری( اےپی پی):  چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ، شعوریٰ کونسل کے چیئرمین علی بن الصالح اور بحرین کے وزیر داخلہ سے ملاقاتوں کے ساتھ اپنے دورے کا آغاز باقاعدہ طور پر کر دیا۔ بحرین کے شعوریٰ کونسل کے چیئرمین سے ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے دو طرفہ پارلیمانی روابط اور وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ان دوطرفہ تعلقات کو کثیر الجہتی شعبوں میں وسعت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے سے عوام کو مزید قریب لانے میں مدد ملے گی اور تعاون کیلئے نئی راہیں ہموار ہو نگی۔چیئرمین سینیٹ نے او آئی سی اور انسانی حقوق کونسل جنیوا کے پلیٹ فارمز پر کشمیر کے مسئلے پر بحرین کی حمایت کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بین الاقوامی فورمز پر بہترین تعاون دیکھنے میں آیا ہے

 چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور علاقے میں سات ماہ طویل کرفیو کے باعث معصوم اور نہتے شہریوں کی زندگی عذاب میں مبتلا ہے۔ بحرین کی شعوریٰ کونسل کے چیئرمین نے وفدکا استقبال کیا اور کہا کہ پاکستان اور بحرین علاقائی امن اور ترقی کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں اور پاکستان بحرین کیلئے ایک اہم ملک ہے۔ انہوں نے دوطرفہ روابط کو مزید بڑھانے پر بھی زور دیا۔

 پاکستانی وفد نے بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ سے بھی ملاقات کی اور دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ اہم معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اعلیٰ سطح پر سیاسی روابط تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد گار ثابت ہونگے اور دونوں ملکوں کو مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے اقدامات اٹھانے ہونگے۔ بحرین کے بادشاہ نے خطے کے امن ترقی اور سلامتی کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے سیاسی، سفارتی اور سماجی سطح پر دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ وفد نے بحرین کے وزیر داخلہ سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دو طرفہ اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

 اس موقع پر  چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ سینیٹرز فدامحمد، مرزا محمد آفریدی، سجاد حسین طوری، حافظ عبدالکریم، منظور کاکڑ، عابد عظیم، کیشو بائی  اور کلثوم پروین بھی موجود تھے۔

وی این ایس، اسلام آباد

Download Video