اسلام آباد ، 24 فروری (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر حسین درانی نے کہا ہے کہ فلمیں کسی بھی ملک کی ثقافت ،اقدار اورسیاحت کو اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہوتی ہے، شعبہ فلم کی ترقی اور بحالی پاکستان کے عظیم قومی ورثہ اور ثقافت کے فروغ میں ممد و معاون ثابت ہو گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے چیئرمین امجد رشید کر رہے تھے جبکہ مومنہ درید، سنگیتا، عمارہ حکمت، شہزاد رفیق اور جاوید وڑائچ بھی ملاقات میں شریک تھے۔
پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وفد نے سیکرٹری اطلاعات کو فلمی شعبے کو درپیش مسائل اور مختلف امور سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران قومی فلم پالیسی اور فلم سنسر بورڈ سے متعلقہ معاملات بھی زیر بحث آئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ فلمی شعبے کی بحالی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، فلمیں کسی بھی ملک کی ثقافت ،اقدار اورسیاحت کو اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہوتی ہے۔
وفد نے سیکرٹری اطلاعات کو فلمی شعبے کو درپیش مسائل اور ان کے حل کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔ ملاقات کے دوران ایران اور ترکی کے ساتھ جوائنٹ پروڈکشن کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں۔ سیکرٹری اطلاعات نے مسائل کے حل اور پیش کی جانے والی تجاویز کو زیر غور لانے کی یقین دہانی کرائی۔ سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ آئندہ ہفتے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک میز پر بٹھا کر مسائل کے حل کیلئے بھرپور کاوشیں کریں گے۔
وی این ایس ، اسلام آباد











