اسلام آباد، 28 فروری(اے پی پی ):پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے نیشنل کبڈی ٹیم کے کھلاڑیوں سے آج ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ائیر چیف نے لاہور میں منعقدہ کبڈی ورلڈ کپ 2020 جیتنے پر کھلاڑیوں کی تعریف کی اور انکو نقد انعامات سے نوازا۔
کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ائیر چیف نے پاکستان کے دیہی علاقوں کے سب سے مشہور کھیل کبڈی کا ورلڈ کپ جیتنے پر ان کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کبڈی کے فائنل میچ میں بھارت کو شکست دے کر ملک کا نام روشن کیا۔ انہوں نے اس امر کا بھی ذکر کیا کہ پاک فضائیہ کے لئے یہ بات قابلِ فخر ہے کہ پاکستان کبڈی ٹیم کے کپتان چیف وارنٹ آفیسر محمد عرفان سمیت سات کھلاڑیوں کا تعلق پاک فضائیہ کی کبڈی ٹیم سے ہے جو کہ نیشنل چیمپین بھی ہیں۔
اے پی پی/حمزہ/حامد