کوئٹہ،28فروری (اے پی پی ): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے علماء کرام، سیاسی وقبائلی عمائدین اور دیگر بااثر حلقوں سے اپیل کی کہ وہ کرونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے لوگوں کی رہنمائی کریں۔
کرونا وائرس کی شکل میں درپیش چیلنج سے موثر طور پر نمٹنے اور عوام کو اس وائرس سمیت دیگر تمام وبائی امراض سے محفوظ رکھنے سے متعلق اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرت ہوئے انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے عوام کو اس امر کا اطمینان دلائیں کہ اگر ان میں کرونا وائرس کی کوئی علامت ہے تو اس میں گھبرانے کی ضرورت نہیں بلکہ انہیں مناسب دیکھ بھال کی ضرورت ہے جس سے وہ دوبارہ صحت یاب ہوسکیں گے ۔
سیکریٹری محکمہ صحت مدثر وحید ملک اور اسپیشل سیکریٹری صحت طاہر عباسی نے اجلاس کو کرونا وائرس نمٹنے، اس کے تدارک اور اب تک کی جانے والی حفاظتی تدابیر سے آگاہ کیا، اجلاس میں بتایا گیا کہ اسپیشل سیکریٹری صحت کی سربراہی میں صوبائی ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، جبکہ ایران اور افغانستان سے منسلک دس اضلاع میں کرونا وائرس ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، گذشتہ دنوں ایران سے واپس آنے والے زائرین کی اسکریننگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور پی ڈی ایم اے میں متعلقہ محکموں کا مشترکہ مرکزی کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے، دس حساس اضلاع کے ہسپتالوں میں آئسولیشن مراکز کا قیام ہنگامی بنیادوں پر عمل میں لایا جارہا ہے حساس اضلاع میں پانچ ہزار ماسک پہنچائے گئے ہیں ۔
وزیر اعلی نے مختلف اداروں کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کو قابل اطمینان قراردیتے ہوئے انہیں مزید موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حافظ عبدالباسط، چئیر مین وزیراعلئ معائینہ ٹیم سجاد احمد بھٹہ ،آئی جی پولیس محسن حسن بٹ، سیکریٹری خزانہ نورالحق بلوچ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسزسدرن کمانڈ بریگیڈیئر ذوالقرنین، ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران زرکون نے شرکت کی_
وی این ایس اسلام ٓ اباد