پشاور،3 مارچ(اے پی پی): وزیر اعلی خیبر پختونخواہ محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے اس وائرس کو روکنے کے لئے تمام تر ضروری انتطامات مکمل کر لئے ہیں اسلئے عوام پریشانی کا شکار نہ ہوں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلی نے صوبے میں کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جہاں انکو کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اقدامات اور حفاظتی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلی کو دوران بریفنگ بتا یا گیا کہ صوبے میں ابھی تک کوئی بھی مصدقہ کیس سامنے نہیں آیا جبکہ کورونا سے متاثرہ مریضوں میں ریکوری کی شرح 98 فیصد ہے اور صرف 20 فیصد مریضوں کو انتہائی نگہداشت کی ضرورت پڑتی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وائرس سے متاثرہ مریضوں میں شرح اموات انتہائی کم ہے۔ صوبے کے تمام مراکز صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کو سٹینڈرڈ پروٹوکول جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ محکمہ صحت میں مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے اور کورونا کے مشتبہ کیسز کی ٹیسٹنگ کے لئے مخصوص لیبارٹری نے کام شروع کر دیا ہے۔
وی این ایس پشاور