حکومت ملک میں قومی نصاب کے نفاذ کی تیاری کیلئے پرعزم ہے: شفقت محمود

134

اسلام آباد , 3 مارچ (اے پی پی): وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک میں یکساں نصاب کی تیاری اور نفاذ کیلئے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت تمام صوبے وفاق کے ساتھ ملکر کام کر رہے ہیں

وفاقی وزیر  نے منگل کو ادارہ برائے سماجی انصاف، اتحاد و تنظیم و آگاہی اور پاکستان کولیشن فار ایجوکیشن کے زیر اہتمام پالیسی سیمینار سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں قومی نصاب کے نفاذ کی تیاری کیلئے پرعزم ہے اور یہ ہماری جماعت تحریک انصاف کے منشور کا حصہ بھی تھا, وزیراعظم عمران خان نے ابتداءسے ہی کہا تھا کہ ایک قوم بنانے کیلئے ضروری ہے کہ ملک میں ایک ہی طرح کا تعلیمی نصاب رائج ہو۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے جب ہم ایک قومی نصاب کو متعارف کروا رہے ہیں,ہمیں کچھ ایسا کرنا ہے جو آئندہ کیلئے بھی قابل ذکر ہو۔ انہوں نے کہا کہ نصاب کی تیاری کے عمل میں حکومت نے سندھ سمیت تمام صوبوں کو بھرپور انداز میں شامل کیا اور صوبہ سندھ بھی یکساں قومی نصاب کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نصاب کی تیاری میں وفاق المدارس کو بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ ایلیٹ سکولوں سے بھی ان کا ان پٹ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک نیشنل کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں نصاب کیلئے زبان کے انتخاب پر غور ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خود اس پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ سیمینار کے پینلسٹ نے نصاب کی تیاری، نفاذ اور دیگر امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔

وی این این ایس

Download Video