سکھر،06مارچ(اے پی پی ): آئی جی موٹر وے ڈاکٹر کلیم امام اور ایڈیشنل آئی جی ساو ¿تھ ریجن ڈاکٹر آفتاب احمد پٹھان کی خصوصی ہدایت ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیوکی زیر نگرانی ڈی ایس پی موٹروے گمبٹ شوکت علی بھٹی کی ٹیم نے اسسٹنٹ کمشنر رانی پور مزمل حسین بگھیو کی سربراہی میں نیشنل ہائی وے رانی پور کے اطراف میں قائم تجاوزات کے خلاف بلاتفریق بھرپور آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران دوکانوں کے آگے قائم چھپروں کو مسمار کرنے سمیت مختلف سامان ضبط بھی کیا گیا، آپریشن میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیشنل ہائی وے اتھارٹی شاہد علی، مختیار کار رانی پور، ٹاو ¿ن آفیسر رانی پور، ایڈیشنل ایس ایچ او اینٹی انکروچمنٹ خیرپور، ایس ایچ او تھانہ رانی پور نے پولیس پارٹی کے ہمراہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں بھرپور حصہ لیا، تجاوزات کے خلاف آپریشن کے بعد نیشنل ہائی وے کے اطراف سڑکیں کشادہ ہوگئیں،
تجاوزات کوہٹانے پر ٹرانسپورٹرز اور سول سوسائٹی نے موٹروے پولیس اور ان کے ہمراہ آپریشن میں حصہ لینے والے تمام اسٹیک ہولڈرز کی اس کاوش کو سراہا، رانی پور بس اسٹاپ اور ہائی وے مکمل طور پر واگزار کروانے کے بعد ٹریفک بغیر رکاوٹ کے رواں دواں ہے۔ علاوہ ازیں نیشنل ہائی وے کے اطراف میں تجاوزات کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق آپریشن جاری رہے گا۔
اے پی پی /سکھر /ریحانہ











