اسلا آباد،09 مارچ(اے پی پی ):وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ ہماری بچیوں کی آئیڈیل آپﷺ کی پیاری بیٹی حضرت فاطمة الزھراؓ ہونی چاہیں،چین ،جاپان، روس،ترکی سمیت تمام ترقی یافتہ ممالک اپنی قومی زبان کا استعمال کرتے ہیں، ہمیں بھی اردو زبان پر فخر ہونا چاہئے، اس پر فتن دور میں اسلامی تعلیمات کے مطابق ماحول میں پرورش پانا خوش قسمتی ہے۔
پیر کو جامع الکوثر برائے خواتین میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم خوش قسمت لوگ ہیں اللہ نے ہمیں امت محمدیﷺ میں پیدا کیا،اس حوالے سے ہماری کچھ زمہ داریاں بھی ہیں ۔انہوں نے طالبات کو تاکید کی کہ جو اسلامی تعلیمات آپ کو سیکھائی جا رہی ہیں انکو آگے پھیلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
علی محمد خان نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلع ہے ہمارے بزرگوں نے تحریک پاکستان میں قربانیاں دیں، 27رمضان المبارک کو پاکستان کا وجود محض اتفاق نہیں اللہ کا خاص کرم ہے، یہ ملک اسلام کے نام پر بنا۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کے آئین کے بارے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ اس ملک کا دستور 14سو سال پہلے قران کی صورت میں مل گیا تھا۔
تقریب کے اختتام پر انہوں نے ادبی مقابلہ جات میں پوزیشنیں حاصل کرنے والی طالبات کو انعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔
وی این ایس، اسلام آباد