ضلع سوات میں تمام ترقیاتی منصوبوں کو اعلی معیار کے ساتھ مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا: کمشنر مالاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود

134

پشاور،11مارچ(اے پی پی): کمشنر مالاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود نے قومی تعمیر کے محکموں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ترقیاتی منصوبے بروقت تکمیل تک پہنچائے جائیں تاکہ شیڈول کے مطابق وہاں پر سرکاری امور نمٹانے کا عمل جاری ہو سکے اور عوام کو بروقت سہولیات فراہم ہوسکیں۔

 انہوں نے ان خیالات کا اظہار سوات میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں مختلف جاری منصوبوں پر تفصیلی غور و حوض کیا گیا اور ان پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔

 اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات و تعمیرات مراد سعیدکی طرف سے منظور کے گئے مختلف ترقیاتی منصوبوں بالخصوص توانائی کے منصوبوں پر خصوصی بحث ہوئی جن پر 150 ملین روپے خرچ ہونگے جبکہ تین سو ملین روپے کی صوبائی آے ڈی پی سے تعمیر ہونے والے مختلف ترقیاتی منصوبے بھی اسی حلقے میں جاری ہیں۔

 اجلاس میں ضلع سوات میں بجلی کی سپلائی سے متعلق 86 منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور ان پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا جبکہ مختلف سڑکوں اور دوسرے منصوبوں سمیت مختلف ہسپتالوں،ڈسٹرکٹ جیل، تعلیم اور آب رسانی سمیت مختلف چھوٹی بڑی منصوبوں پر بھی بحث ہوئی۔

کمشنر ملاکنڈ نے اجلاس کے شرکاء کو ہدایت کی کہ کسی بھی ترقیاتی منصوبے پر کام کی رفتار یا معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران  ہدایت کی گئی کہ ہر ترقیاتی منصوبہ کو اس علاقے  کے منتخب نمائندوں اور عوام کی باہمی مشاورت سے مکمل کیا جائے۔

اے پی پی /صائمہ حیات /ریحانہ