وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی عوام کو  سماجی رابطوں کو کم سے کم کرنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنیکی اپیل

161

پشاور،19 مارچ(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے حملے سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ عوام اپنا سماجی میل جول کم کرے اور غیرضروری آمدورفت سے گریز کرے۔

وزیراعلی محمود خان آج ڈی آئی خان کے میڈیکل کالج میں تفتان سے آنے والے زائرین کیلئے قائم قرنطینہ مرکز کے دورہ پر تھےجہاں دریں اثناء انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ قرنطینہ مرکز میں بین الاقوامی معیار کے مطابق انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے نہایت سنجیدگی کے ساتھ کوشاں ہے۔ صوبائی حکومت اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے اپنی استعداد سے بڑھ کر اقدامات کر رہی ہے۔ یہ تمام تر اقدامات اسی صورت نتیجہ خیز ثابت ہوں گے جب عوام اپنے حصے کی ذمہ داری پوری کریں گے اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

 ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ فی الحال کرفیو لگانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا البتہ جس علاقے میں کیسز سامنے آتے ہیں اسی مخصوص علاقے کو محدود پیمانے پر لاک ڈاﺅن کیا جاتا ہے جس کا مقصد شہریوں کو وائرس سے بچانا ہے

 اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز، سیکرٹری ریلیف محمد عابد مجید، کمشنر ڈی آئی خان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

وی  این ایس، پشاور

Download Video