پشاور،21مارچ(اے پی پی): وزیر ریلیف و آبادکاری اقبال وزیر نے کہا ہے کہ وزیراعلی محمود خان کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں اور اس ساری صورتحال کی خود نگرانی کررہے ہیں۔
میڈیا کے ساتھ خصوصی نشست میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے 35 اضلاع کو ایک ارب 73 کروڑ روپے جاری کردیے ہیں جن میں ڈی آئی خان کیلئے 30 کروڑ اور مردان و پشاور کیلئے 20، 20 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں جبکہ کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے صوبے کے مختلف علاقوں میں 147 مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں ڈیرہ اسماعیل خان اور درازندہ میں 2 مراکز مکمل فعال ہیں جہاں مریضوں کیلئے تمام تر سہولیات فراہم کئے گئے ہیں۔
وزیر ریلیف و آبادکاری اقبال وزیر نے بتایا کہ ریسکیو 1122 اور پی ڈی ایم اے کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔ ان کے بقول افغانستان سے آنے والے پاکستانیوں کیلئے ضلع خیبر میں چار مراکز قائم کئے ہیں، فی الحال بارڈر بند ہے جوں ہی کھلے گا وہاں سے آنے والے پاکستانیوں کو تمام سہولیات فراہم کرینگے۔
اےپی پی/صائمہ حیات/فاروق