وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق تا حکم ثانی مسافر ٹرینیں بند رہیں گی: شیخ رشید احمد

110

راولپنڈی ، 30 مارچ (اے    پی پی ): وفاقی وزیر برائے  ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق تا حکم ثانی مسافر ٹرینیں بند رہیں گی۔ راولپنڈی سمیت ملتان ،کراچی،سکھر اور کوئٹہ میں 7ہسپتال بنا دیے گئے  ہیں۔

پیر کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کور کمیٹی کی میٹنگ میں وزیر اعظم نے ہدایات جاری  کیں ہیں لہذا  تا حکم ثانی مسافر ٹرینیں بند رکھی جائیں گی تاہم اشیائے ضروریہ کی نقل و حمل کے لئے فریٹ ٹرینیں ملک بھر میں چل رہی ہیں  جبکہ ٹرینیں کھولنے سے 24گھنٹے پہلے عوام کو مطلع کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں فی الحال حالات کنٹرول میں ہیں کرفیو کی ضرورت نہیں پڑے گی، مزید 15روز اہم ہیں  جس  میں سب کو وائرس سے بچنے کے لئے احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی کی صورت میں 310 بیڈز کا انتظام کیا گیا ہے ایک کوچ میں ایک وینٹی لیٹر کی سہولت بھی موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ احتیاط کرنے والے لوگوں کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 17سو کوزچز موجود ہیں اور 570ریلوے اسٹیشنز ہیں جن میں 16نئے ہیں تمام اسٹیشنوں پر پانی اور واش رومز کی سہولت موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس 65 ہسپتال اور ڈسپنسریاں ہیں جنکو بوقت ضرورت کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لئے استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید  کہا کہ یہاں ریلوے ہسپتال میں ایک وارڈ مختص کیا گیا ہے جس میں 50بیڈز موجود ہیں۔

اے پی پی /ضیا الرتضی /قرۃالعین