پشاور،31مارچ(اے پی پی): صوبائی مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے خیبر پختونخوا حکومت کورونا وائرس کے خاتمے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے اور اس سلسلے میں حفاظتی سامان کے 3 کنٹینر مختلف اضلاع کو روانہ کئے گئے ہیں۔
سول سیکرٹریٹ اطلاع سیل میں کورونا کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ کورونا کے حوالے سے اچھی خبریں آنا شروع ہوگئی ہیں، مزید 10 افراد کی رپورٹ نیگٹیو آنے کے بعد گھروں کو روانہ کردیا گیا ہے۔ آج درازندہ میں کورانٹین 15 افراد میں سے 8 افراد کے رپورٹ نیگٹیو آئے ہیں، انکو کورنٹین سے گھروں کو روانہ کیا گیا ہے ۔ پولیس ہسپتال میں بھی دو مریضوں کا رزلٹ نیگٹیو آیا ہے۔ اسی طرح حیات آباد میں مدت پوری ہونے کے بعد 80 گھرانوں پر مشتمل کورنٹین کیا گیا سٹریٹ بھی کھول دیا گیا ہے۔
صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں کورونا ٹیسٹنگ کا استعداد بڑھانے سمیت کوہاٹ اور سوات میں بھی ٹیسٹنگ لیبارٹریا ں قائم کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی محمود خان خود تمام انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔اس سلسلے میں وزیراعلی ہاؤس میں اس حوالے سے اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں کورکمانڈر پشاور، آئی جی اور وزیر صحت سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی اور کورونا وباء سے نمٹنے کے حوالے سے وزیر اعلی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وزیر اعلی نے کورونا کے خاتمے کے لئے کئے گئے اقدامات پر تسلی کا اظہار کیا۔ مشیر اطلاعات نے مزید بتایا کہ صوبے میں اشیاء خوردونوش کی دستیابی اور مقررہ قیمتوں پر فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے، وزیر اعلی کے واضح احکامات ہیں کہ ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ کل میں نے خود پشاور کے مختلف بازاروں کا دورہ کیا اور اشیاء خوردنوش کی دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔اجمل وزیر نے مزید کہا کہ صوبے میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے پنجاب سے آٹے کی ترسیل کا عمل بھی بلا تعطل جاری ہے۔
اے پی پی /صائمہ حیات /قرۃلعین