لاہور،02 اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اورچیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال، انتظامی امور کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب میں دوسر ے صوبوں اور بیرون ممالک تبلیغی اجتماعات میں شرکت کرنے والے افراد کی فہرستیں تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
چیف سیکرٹری نے حکم دیا کہ تمام انتظامی افسران تبلیغی اجتماعات کے شرکاء کی فہرستیں فراہم کریں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ تبلیغی جماعت کے تمام اراکین کی سکریننگ تقریبا مکمل کر لی گئی ہے۔
اجلاس میں محکمہ لائیو سٹاک اور سوشل ویلفیئر کی موبائل گاڑیاں عوام کی سکریننگ کیلئے استعمال کرنے سمیت ہسپتالوں میں کورونا کے علاوہ معمول کے علاج معالجے کیلئے اوپی ڈیز کو مکمل فعال کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق ڈیوٹی سر انجام دینے والے پولیس اہلکاروں، وارڈنز اور دیگر عملہ کی سکریننگ کروائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے آرپی اوز کو ہدایت دی کہ ایجنسیوں کی جانب سے جاری ہونیوالے تھریٹ الرٹ کو خاص اہمیت دی جائے۔سینئر ممبر بورڈ آف ریو نیو نے بریفنگ میں بتایا کہ انصاف امداد پروگرام کے تحت اب تک97لاکھ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
اجلاس میں آئی جی پنجاب شعیب دستگیر، کمشنر لاہور ڈویژن سیف انجم اور متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔
اے پی پی /لاہور/قرۃالعین