ملتان،07 اپریل (اے پی پی):ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی ڈس انفیکشن ٹیم کی جراثیم کش سرگرمیاں جاری ہیں
،ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پرعوامی مقامات، سرکاری دفاتر اورہسپتالوں میں انڈور سپرے کیا جارہا ہے۔
ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کےایم ڈی ناصر شہزاد ڈوگر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ہائیکورٹ کے دفاتر،عدالتوں،بار رومز،سرکٹ ہاوس،سرکاری اور نجی ڈسپنسریوں جبکہ ممتاز آباد اور نشتر روڈ کی سڑکوں اور مارکیٹیوں میں بھی جراثیم کُش سپرے کیا گیا۔
ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے کہا کہ آج سمیجہ آباد اور لکڑ منڈی کی کمرشل مارکیٹوں اور سڑکوں پر سپرے کا عمل جاری رہے گا جبکہ انڈور سپرے کے لئے مشینیں جبکہ سڑکوں اور شاہراہوں کے لئے باوزر استعمال کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام عوامی مقامات،پارکس اور مارکیٹیں سپرے کے لیے کمپنی کا ٹارگٹ ہیں،انڈور اور آوٹ ڈور سپرے کورونا وائرس کے خاتمہ میں معاون ثابت ہو سکتا ہے، کورونا وائرس کے خاتمہ تک شہر میں جراثیم کُش سپرے جاری رہے گا۔
ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے کہا کہ کورونا وائرس مریض کے چھینکنے اور تھوکنے سے بھی پھیلتا ہے لہذا احتیاطی تدابیر ضرور اپنائیں۔
اے پی پی /ملتان/نورین