پشاور، 22 اپریل(اے پی پی): سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے رمضان المبارک میں درکار سودا سلف کی خریداری کیلئے بازاروں کا رخ کرنیوالے افراد کیلئے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے آگاہی دینے کا سلسلہ شروع کردیا۔
اس سلسلے میں ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں نے ڈی ایس پی انیلہ ناز اور ڈی ایس پی شازیہ شاہد کی قیادت میں مختلف بازاروں کے دورے کئے اور شہریوں کو بازاروں میں ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ غیر ضروری کاموں کیلئے گھروں سے نہ نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ دکانداروں کو بھی چاہئے کہ وہ اپنی دکانوں کے باہر چونے کے ذریعے 4 فٹ فاصلے سے گول دائرے بنائیں اور حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنیوالوں کو سودا سلف دینے سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے بازاروں میں آگاہی سیشنز کا انعقاد کرنے سمیت احساس ایمرجنسی پروگرام کے تحت رقم وصول کرنے والوں اور شہر میں مختلف مقامات پر ناکہ بندیوں پر آگاہی دینے کا مقصد شہریوں کو یہ باور دلانا ہے کہ کورونا وائرس ایک خطرناک وائرس ہے جس پر قابو پانے میں عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔
اے پی پی /صائمہ حیات/ھامد