پشین،23 اپریل(اے پی پی ): پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنماء اور سابق صوبائی وزیر سردار مصطفٰی خان ترین کو ان کے آبائی علاقے قلعہ سکانڑ خان پشین میں سپردخاک کر دیا گیا۔
اس موقع پر پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماوں نے مرحوم کی ملی وطنی اور سیاسی خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے افکار، نظریات اور سیاسی جدوجہد پر روشنی ڈالی۔
نماز جنازہ میں پشتونخوا میپ کے مرکزی سیکرٹری سابق صوبائی وزیر عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی سیکرٹری سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، سابق ایم این اے عبدالقہار خان ودان، سابق ایم پی اے سید لیاقت آغا، صوبائی اسمبلی کے آراکین سید فضل آغا، حاجی اصغر خان ترین، نصراللہ خان زیرے، ڈپٹی کمشنر پشین قائم لاشاری، اسسٹنٹنٹ کمشنرز، مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنماوں، علما کرام سمیت پارٹی کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اور پسماندہ گان کو صبروجمیل عطا فرمائیں۔ آمین
اے پی پی /روح اللہ کاکڑ/نورین