ملتان، 30مئی (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے خریداری کے سرکاری ہدف کو حاصل کرنے کے لئے گندم ذخیرہ کرنیوالوں کے خلاف کریک ڈاون کا حکم دے دیا ہے اوراسسٹنٹ کمشنرز کو فیڈ ملز،فلور ملز، رائس ملزاور گواداموں پر چھاپے مارنے کی ہدایت کی ہے۔
ڈپٹی کمشنرعامر خٹک نے کہا ہے کہ غیر قانونی طورپر سٹاک کی گئی گندم ضبط کر لی جائے، گندم کی بین الاضلاعی نقل حمل پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمدکرایا جائے۔
عامر خٹک نے کہا کہ ضلع میں21 لاکھ 84 ہزار185بوری گندم خریدنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، ضلع میں 5 ہزار 245کسانوں کو باردانہ جاری کیا جا چکا ہے،انہوں نے کہاکہ ٹارگٹ کے مطابق 55 فیصد گندم خرید لی گئی ہے جبکہ ہدف کے مطابق 80 فیصد بار دانہ جاری کیا جا چکا ہے۔
دوسری طرف گندم ذخیرہ کرنیوالوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے ،گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر جلال پورپیروالہ غلام سرور نے پرمٹ روڈ پر چھاپہ مار کر ڈیرے سے 3 ہزار من گندم برآمد کر لی،خفیہ اطلاع کے مطابق گندم لودھراں منتقل کی جارہی تھی۔ ذخیرہ کی گئی گندم محکمہ خوراک کے جگو والا سنٹرکے حوالے کردی گئی ہے۔
علاوہ ازیں پرائس مجسٹریٹ ملک نعمان نےخانیوال روڈ پر کارروائی کرتے ہوئےگندم 1470 روپے فی 40 کلوگرام کے حساب سے فروخت کرنے پر بیوپاری پر 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے اور قبضے میں لی گئی 2سو من گندم محکمہ خوراک کے حوالے کر دی ہے۔
اے پی پی /ملتان /حامد