وزیراعظم کے وژن،وزیر اعلیٰ کی قیادت میں صوبائی حکومت کی پوری مشینری کورونا کو شکست دینے کیلئے فرنٹ لائن پر ہے: اجمل وزیر

96

پشاور، 6مئی(اے پی پی): مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ حکومت بیک وقت دو محاذوں پر لڑ رہی ہے ایک کورونا اور دوسرا غربت و افلاس یہی وجہ ہے کہ ملک مکمل لاک ڈاون کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا صورتحال سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیشنل کوارڈینیشن کمیٹی کے فیصلوں پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے، اسکے علاوہ کمیٹی میں صوبے کی طرف سے بھی سفارشات پیش کی جاتی ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے اطلاع سیل سول سیکرٹریٹ  میں کورونا کی صورتحال کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک پہلے ہی سے معاشی بدحالی سے دوچار رہا ہے اس لیے ہمارے وسائل ہمیں اجازت نہیں دیتے  کہ ہم ترقیافتہ ممالک کی طرح مکمل لاک ڈاون کرسکیں۔

اجمل وزیر نے مزید بتایا کہ  ہماری کافی آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے اور وزیراعظم عمران خان کو اسی غریب طبقے کی فکر رہتی ہے جو غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے عمران خان کی شکل میں اس قوم کو ایک نیک سیرت اور عظیم لیڈر عطاء کیا ہے جو ہر وقت غریب طبقے کا سوچتے ہیں، وزیراعظم عمران خان جس نیک نیتی سے اپوزیشن سمیت سب کو لیکر کورونا کے خلاف برسرپیکار ہے تو انشاءاللہ وہ دن دور نہیں کہ ملک سے کورونا کا خاتمہ ہوجائیگا۔

 اجمل وزیر نے کہا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام ملکی تاریخ میں پہلا شفاف منصوبہ ہے، جسکے ذریعے  غریب طبقے کی مالی مدد کی جارہی ہے۔

صوبے میں کورونا ٹیسٹ کی استعداد کے بارے میں انہوں نے کہا کہ صوبے میں اس وقت یومیہ 1 ہزار سے 1500 تک ٹیسٹ کیے جارہے ہیں، جس کی تعداد 2000 اور پھر مرحلہ وار مزید بڑھائی جائیگی۔

اجمل وزیر نے مزید کہا کہ افغانستان، ایران، اور گلف  ممالک سے پہنچنے والے پاکستانیوں کو قرنطینہ کرکے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں جسکی ٹیسٹ رپورٹ  مثبت ہو تو انکو قرنطینہ میں قیام دیکر مکمل علاج معالجے کے بعد گھروں کو چھوڑا  جاتا ہے۔

کورونا کی تازہ صورتحال کے بارے میں اجمل وزیر نے بتایا کہ صوبے میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 211 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس سے کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 3499 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں میں 9 اموات بھی ریکارڈ ہوئیں جس سے اموات کی کل تعداد 194 ہوگئی ہے۔ اسکے علاوہ صوبے میں ایک دن میں 19 کورونا مریض صحت یاب ہوئے ہیں جس سے  کورونا کو شکست دینے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 875 ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائن ورکرز کو تمام حفاظتی سامان مہیا کیا جارہا ہے، طبی عملہ اور دیگر فرنٹ لائن ورکرز ہمارے ہیروز ہیں۔

اجمل وزیر نے واضح الفاظ میں ذخیرہ اندوزوں کو پیغام دیا ہے  کہ کسی بھی صورت صوبے میں ذخیرہ اندوزی برداشت نہیں کی جائیگی ،ذخیرہ اندوزی کا قلع قمع کرنے کے لئے آرڈنینس پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے ۔

 مشیر اطلاعات نے ایک دفعہ پھر مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ اس  مشکل گھڑی میں سفید پوش اور غریب طبقے کا خصوصی خیال رکھیں۔

اے پی پی /صائمہ حیات /حامد