ملتان، 9 مئی(اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ مافیا کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں جس کے تحت آج ملک شاپس، دودھ برداد گاڑیوں، برائلر شاپس اور کریانہ سٹورز کی چیکنگ کی گئی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کے مطابق دورانِ کاروائی 682 لیٹر دودھ، 283 کلو کھلی سرخ مرچ اور 28 کلو گوشت جبکہ ملک شاپس اور شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کے دوران 220 لیٹر دودھ تلف کیا گیا،ملتان، ڈی جی خان، راجن پور اور بہاولنگر میں 1462 لیٹر دودھ کی چیکنگ کی گئی۔
عرفان میمن کے مطابق جمیل کریانہ سٹور کو کھلے مصالحہ جات کی فروخت پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور رمضان المبارک میں بیمار، کم وزن مرغی کی فروخت پر 28 کلو گوشت تلف کیا گیا۔
اس موقع پرڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن نے کہا کہ غیر معیاری خوراک کے استعمال سے اعصابی کمزوری اور دیگر بیماریاں پیدا ہوتی ہیں،کورونا وائرس کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، گھر کے بنے کھانے کو ترجیح دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں صحت بخش غذا استعمال کریں،ملا وٹ مافیا کہیں بھی ہو پنجاب فوڈ اتھارٹی کے نرغے میں ہے، ان کیخلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔
اے پی پی /ملتان/حامد