پاک آرمی، پی ڈی ایم اے،محکمہ زراعت اور فیڈرل پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کی مشترکہ کاوشوں سے ٹڈی دل کیخلاف آپریشن جاری

180

ملتان،17مئی(اے پی پی): صوبہ پنجاب میں پاک آرمی، پی ڈی ایم اے،محکمہ زراعت ، ضلعی انتظامیہ اور فیڈرل پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کی بہترین کوآرڈینیشن (Coordination) سے ٹڈی دل کی سرویلنس اور کنٹرول آپریشن کامیابی سے سرانجام دئیے جارہے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب ،وزیر زراعت پنجاب،چئیرمین این ڈی ایم اے،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ٹڈی دل کے کنٹرول آپریشنز کا جائزہ لینے کیلئے مختلف اضلاع کے دورے کرچکے ہیں۔سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشیدباقاعدگی سے ہفتہ میں دوبار ٹڈی دل کے کنٹرول آپریشنز کا جائزہ لینے کیلئے فیلڈزکے ہنگامی دورے کررہے ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے اور ڈی جی زراعت( توسیع)پنجاب بھی سرویلنس اور آپریشنل سرگرمیوں کے سلسلہ میں فیلڈز میں موجود ہیں۔

پاک آرمی کے ہیلی کاپٹرز اور ہوائی جہاز ضرورت کے مطابق ہوائی آپریشن بھی کر رہے ہیں۔ ٹڈی دل کے مکمل خاتمہ کے لیے پاک آرمی، محکمہ زراعت، پی۔ ڈی۔ ایم۔ اے،ضلعی انتظامیہ، فیڈرل پلانٹ پروٹیکشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت عملی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ٹڈی دل کاتمام حالتوں میں تدارک یقینی بنایا جارہا ہے۔

 محکمہ زراعت کی مرتب کردہ بہترین حکمت عملی پر عملدرآمد سے صوبہ بھر میں ٹڈی دل کے حملہ سے فصلوں کوقابل ذکر نقصان نہیں پہنچا۔ کورونا وائرس کی وبائی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی اقدامات اپناتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کی مشترکہ کاوشوں سے ٹڈی دل کے کنٹرول کے سلسلہ میں حوصلہ افزا نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

 محکمہ زراعت کے تحت ٹڈی دل کی پنجاب میں موجودگی اور اس سے بچاؤ کیلئے کاشتکاروں کو آگاہی فراہم کی جارہی ہے۔فصلات کو ٹڈی دل سے بچانا ناممکن نہیں ہے۔محکمہ زراعت دیگر متعلقہ محکموں کے تعاون سے فصلات کو محفوظ بنانے کیلئے بھرپور طریقے سے عملی کرداراداکررہا ہے۔

فصلوں کو بچانے کیلئے محکمہ زراعت کے ساتھ کاشتکاروں اور لوکل کمیونٹی کی شرکت اور تعاون بھی ضروری ہے۔

آپریشنل سرگرمیوں کیلئے پاک آرمی،ضلعی انتظامیہ ، پی ڈی ایم اے اور محکمہ زراعت کے پاس مختلف قسم کی سپرے مشینر ی ،زرعی زہریں ،لاجسٹک سپورٹ ،فیول ، راشن ،حفاظتی کٹس ودیگر سامان کی کوئی کمی نہیں ۔ صوبہ سے لوکسٹ کے مکمل تدارک تک تمام سرگرمیوں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ جاری رہے گی۔

وی این ایس، ملتان