اسلام آباد ، 20 مئی (اے پی پی): کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) نے اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت اقتصادی امورکوقرضوں میں ریلیف کے ضمن میں گروپ 20 کے ساتھ مفاہمت کی دستاویز پردستخط کرنے اورکورونا وائرس کی وباءسے نمٹنے کیلئے وزیراعظم کی ریلیف فنڈ کے انتظا م وانصرام کیلئے پالیسی کمیٹی کے قیام کی منظوری دیدی، ای سی سی نے سپریم کورٹ کی عمارات کی مرمت وبحالی کیلئے 360.51 ملین روپے کی تیکنیکی ضمنی گرانٹ سمیت ملک میں سمارٹ فونز کی تیاری کیلئے جامع ترغیباتی پالیسی کے ضمن میں وفاقی وزیرصنعت وپیداوارکی چئیرمین شپ میں کمیٹی کے قیام کی منظوری دیدی ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کویہاں وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلا س میں اسلام آباد اورملک کے دیگرشہروں میں سپریم کورٹ کی عمارات کی مرمت وبحالی کیلئے 360.51 ملین روپے کی تیکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی ، سندھ میں ترقیاتی سکیموں پر عمل درآمد کیلئے وزارت ہاوسنگ وتعمیرات کیلئے 3.836 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی،پاک پی ڈبلیوڈی کے مینٹیننس سٹاف کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے ہاوسنگ اینڈ ورکس / پاک پی ڈبلیوڈی کیلئے291 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
وزیراعظم کے مشیربرائے ادارہ جاتی اصلاحات وکفایت شعاری ڈاکٹرعشرت حسین کی چیئرمین شپ اور وفاقی سیکرٹری خزانہ وسیکرٹری پاورپرمشتمل کمیٹی کی سفارش پراقتصادی رابطہ کمیٹی نے بجلی کے شعبہ کے قرضوں کی سروسنگ اورسٹاک ہینڈلنگ کا مفصل جائزہ لیا، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سٹاپ گیپ انتظامات کے تحت پاکستان انرجی سکوک ٹو پرانٹرسٹ کی ادائیگی کیلئے امدادی پیکج سے 6 ماہ کے عرصہ یا نیپراایکٹ میں ترمیم تک 10 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دیدی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت اقتصادی امورکوقرضوں میں ریلیف کے ضمن میں گروپ 20 کے ساتھ مفاہمت کی دستاویز پردستخط کرنے کی اجازت دیدی تاہم یہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے مشروط ہوگی۔وزیراعظم کے مشیرڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے واضح اوردوٹوک اندازمیں بتایاکہ پاکستان کمرشل قرضوں کی دوبارہ ادائیگی کیلئے کسی قسم کی ریلیف حاصل کرنے کاکوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنے کمرشل وعدوں کوپوراکرنے کاعزم اور وسائل رکھتاہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کسٹم ایکٹ 1969 کے دفعہ 9 کے تحت ریونیوڈویژن کی تجویزپرجیابگا این ایل سی ٹرانزٹ پورٹ کو کسٹم کلئرینس پورٹ قراردینے کی منظوری دیدی۔ سینتھیٹک فنانسنگ کے ذریعہ بجلی کی پیداواری کمپنیون کے کیپسٹی چارجز کوکم کرنے کے ضمن میں ای سی سی نے آئی پی پی پیز / جینکوز کے ساتھ مذاکرات کیلئے ٹرمزآف ریفرنس (ٹی اوآر) کی منظوری دیدی، کابینہ کی کمیٹی برائے توانائی کے دواپریل 2020ءکوہونے والے اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے معدنی وسائل کی قیادت میں ایک کمیٹی قائم کی گئی تھی ، کمیٹی کے دیگرارکان میں سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری پاور اورسیکرٹری قانون شامل ہیں، کمیٹی نے ٹرمز آف ریفرنس تیارکئے ہیں ، کمیٹی اپنی رپورٹ مقررہ وقت میں داخل کرے گی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کورونا وائرس کی وباءسے نمٹنے کیلئے وزیراعظم کی ریلیف فنڈ کے انتظا م وانصرام کیلئے پالیسی کمیٹی کے قیام کی منظوری دیدی، وزیراعظم پاکستان کمیٹی کے چئیرمین ہوں ہونگے ، کمیٹی کے دیگرارکان میں وفاقی وزیرمنصوبہ بندی وخصوصی اقدامات، وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات، وزیراعظم کے مشیربرائے تجارت وسرمایہ کاری، تخفیف غربت وسماجی تحفظ کیلئے وزیراعظم کی معاون خصوصی، وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے کورونا اور سیکرٹری خزانہ شامل ہیں ۔سیکرٹری تخفیف غربت وسماجی تحفظ کمیٹی کے سیکرٹری کے فرایض سرانجام دیں گے۔کمیٹی ریلیف فنڈ میں جمع عطیات کے استعمال ، استفادہ کرنے والوں کی شناخت کے ذرائع اور ان کے انتخاب کے حدودوقیود کے حوالہ سے مناسب فیصلہ کرے گی، کمیٹی ریلیف فنڈ سے فائدہ حاصل کرنے والوں میں امدادکی تقسیم کےذرائع کا فیصلہ کرے گی، اس کے علاوہ کمیٹی عطیات جمع کرنے ، فنڈکی بحالی وانتظام اوردیگر متعلقہ امورپر مناسب فیصلے کرے گی۔ملک میں سمارٹ فونز کی تیاری کیلئے جامع ترغیباتی پالیسی کے ضمن میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وفاقی وزیرصنعت وپیداوارکی چئیرمین شپ میں کمیٹی کے قیام کی منظوری دیدی، کمیٹی کے دیگرارکان میں وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری بورڈ، انجنئیرنگ ڈولپمنٹ بورڈ اورآئی ٹی کی وزارت سے ممبران شامل ہوں گے۔کمیٹی تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مکمل مشاورت کے بعد اپنی تجاویز اورسفارشات مرتب کرے گی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے صنعت وپیداوارکے وفاقی وزیرہونے کے ناطہ حماد اظہرکو رمضان ریلیف پیکج اوروزیراعظم ریلیف پیکج برائے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے موثراستعمال کیلئے قایم نگران کمیٹی کی چیئرمین شپ سونپ دی۔
اے پی پی/ڈیسک/حامد