اسلام آباد ، 02 جولائی (اے پی پی ): کراچی شپ یارڈ ، انجینئرنگ ورکس میں پاک بحریہ کے لئے مقامی سطح پر تعمیر کیے جانے والے پلیٹ فارمز کے کنٹریکٹ پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی،مقامی سطح پر ڈیزائن کردہ گن بوٹس اور ٹگز کے معاہدہ پر دستخط کی تقریب کا انعقاد وزارت دفاعی پیداوار میں کیا گیا۔
مینیجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس (KS&EW) ، ریئر ایڈمرل اطہر سلیم اور ڈائریکٹر جنرل میونیشنز پروڈکشن ، ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ نے معاہدوں پر دستخط کیے۔
پاکستان بحریہ کی جانب سے مقامی طور پر ڈیرائن کردہ گن بوٹ اسٹیلتھ ٹیکنالوجی اور جدید ہتھیاروں سے لیس اور تیز رفتار ہوگی، اس کی تعمیر کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں کی جائے گی۔ مزید برآں اسٹیٹ آف دی آرٹ مشینری سے لیس 02 ٹگز جو کہ خراب موسم میں بھی کام کرنے اور امدادی کاروائیوں میں استعمال ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں ،بھی تعمیر کیے جائیں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مینیجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس نے کہا کہ یہ منصوبے دفاعی جہازوں کی تعمیر میں خودمختاری اور خود کفالت کا مظہر ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اس وقت کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں پاک بحریہ کے لئے ملجم کلاس جنگی جہاز ، فاسٹ اٹیک کرافٹ (میزائل) اور ٹگز جبکہ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے لئے میری ٹائم پٹرول جہاز بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
ڈی جی میونیشنز پروڈکشن نے ماضی میں بین الاقوامی معیار کو یقینی بناتے ہوئے جہازوں کی بروقت فراہمی پر کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کی انتظامیہ اور افرادی قوت کی تعریف کی۔
تقریب میں وزارت دفاعی پیداوار اور پاکستان بحریہ کے مختلف عہدیداران سمیت ایڈیشنل سیکرٹری دفاعی پیداوار میجر جنرل عاکف اقبال اور ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز)ریئر ایڈمرل اویس احمد بلگرامی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وی این ایس ، اسلام آباد











