ملتان، 02 جولائی(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا ہے کہ معدنیات سے بھرپور متوازن غذاکی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے بچوں کو ایسی غذائیں دیں جس میں توانائی سے بھرپور تمام بنیادی اجزا موجود ہوں جو ان میں قوت مدافعت کے بڑھانے کا سبب ہوں۔
ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ میلنیوٹریشن ایڈریسنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر، محمد زبیر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ارشد ملک سمیت متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ متوازن غذا کی فراہمی کے لئے تمام محکمے کوآرڈینیشن پیدا کریں، محکمہ سکول ایجوکیشن ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ، لوکل گورنمنٹ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی اس سلسلہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ غذائی قلت دور کرنے کے لئے ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائے ۔ فلور ملز سے آٹا کی فارٹیفکیشن کے حوالے سے پراگرس لی جائے، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ بند واٹر فلٹریشن پلانٹس کی سکیمز کو فوری فنکشنل کرے، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ تحصیل شجاع آباد اور جلال پور پیر والہ میں نیوٹریشن کے حوالے سے انتظامات کرے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پنجاب فود اتھارٹی ضلع سطح پر فلورز ملز میں اچھی کوالٹی کے آٹا کی فراہمی کی جانچ پڑتال کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں تو ہمارے غذائی معاملات میں بہتری آ سکتی ہے۔ ہم سب نے اپنی نئی نسل کو معدنیات سے بھرپور غذا فراہم کرنی ہے جس کے لئے ہمیں مشترکہ کوششیں جاری رکھنا ہوں گی۔
وی این ایس،ملتان











