ملتان،09 جولائی (اے پی پی ): آئی جی پنجاب نے تھانہ جلیل آباد کی نئی عمارت کا افتتاح کر دیا، افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں شعیب دستگیر کا کہنا تھاکہ روایتی پولیس کلچر کے خاتمے کیلئے تھانوں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے،تھانوں میں آنے والی عوام کے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں گے ۔تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور وسائل بروئے کار لائے جائیں گے جبکہ تھانوں کی حوالات اور بخشی خانوں میں ملزمان کیلئے موسم کی شدت کے پیشِ نظر حفظان صحت کا بھی خیال رکھا جائے گا۔
اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر وسیم احمد خان نے تھانے کے میکنزم پر تفصیلی بریفننگ بھی دی ۔
آئی جی پنجاب پولیس شعیب دستگیر نے پولیس دربار کیلئے پولیس لائن کا بھی دورہ کیا ، جہاں ایڈیشنل آئی جی پولیس ساؤتھ انعام غنی نے آئی جی کا پولیس لائن آمد پر استقبال کیا۔
اس موقع پر انہوں نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور گارڈ آف آنر لیا ۔ اس کے علاوہ آئی جی نے نئے ٹریفک بلاک سمیت مختلف منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔
ایڈیشنل آئی جی پولیس ساؤتھ پنجاب انعام غنی اور آر پی او وسیم احمد خان بھی پولیس دربار میں موجود تھے ۔
وی این ایس،ملتان











