پشاور، 12جولائی(اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ اور بلدیات کامران خان بنگش نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے کورونا کے پیش نظر عیدالاضحیٰ سے پہلے مویشی منڈیوں کے لئے قواعد وضوابط جاری کئے ہیں تاکہ عوام کرونا وباء سے محفوظ ہو۔ سول سیکرٹریٹ اطلاع سیل میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کامران بنگش نے کہا کہ قواعد وضوابط کے مطابق مویشی منڈیاں آبادی سے باہر لگائی جائیں گی اور بڑی مویشی منڈیوں کی بجائے زیادہ تعداد میں چھوٹی منڈیاں لگائی جائینگی تاکہ کسی ایک جگہ لوگوں کا رش نہ بنے۔ مویشی منڈیوں کے اطراف میں رش سے بچنے کے لیے بھی انتظامات کیے جائیں گے جبکہ ٹریفک کے رش سے بچنے کے لیے ٹریفک پولیس کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ پلان ترتیب دے۔ ضلعی انتظامیہ ان منڈیوں کی صورتحال کو چیک کرےگی اور بغیر رجسٹریشن کوئی مویشی منڈی نہیں لگائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں بڑی عمر کے افراد اور چھوٹے بچوں کے داخلے کی اجازت نہیں ہوگی اسلیے بزرگوں سے گزارش ہے کہ وہ منڈیوں میں آنے سے گریز کریں۔ کامران بنگش کا کہنا تھا کہ جس طرح باقی سب مقامات پر بغیر ماسک داخلے کی ممانعت ہے,اسی طرح مویشی منڈیوں میں ماسک کے بغیر آنے کی اجازت نہیں جبکہ ہر آنے والے شخص کا درجہ حرارت تھرمل گن سے چیک کیا جائے گا۔ منڈیوں میں ہاتھوں کے دھونے اور سینیٹائز کرنے کے لیے انتظامات موجود ہوں گے ۔ کامران بنگش نے کہا کہ رمضان اور عید الفطر کے موقع پر دیکھا گیا کہ لوگوں نے احتیاط کو بالائے طاق رکھا,اور اسکا نتیجہ عید کے بعد کورونا کے کیسز کی تیزی سے بڑھتی تعداد کی صورت میں سامنے آیا لیکن اس بار حکومت کی حتیٰ الامکان کوشش ہے کہ عیدالاضحیٰ اور محرم کے دوران عوام احتیاطی تدابیر پر عمل یقینی بنائیں۔ اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ عیدالاضحیٰ کے دوران احتیاط پر عمل کریں تاکہ کورونا پھر سے بے قابو نہ ہو۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کی ہدایات ہیں کہ ان وضع کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کرایا جائے کیونکہ عوام کی صحت و زندگی کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان احکامات کی روشنی میں ہر ضلع میں انتظامیہ متحرک ہے انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے سماجی دوری,ماسک کا استعمال اور ہاتھوں کا وقفے وقفے سے دھونا ضروری ہے۔ معاون خصوصی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عید کی تیاریوں کے دوران ان احتیاطی تدابیر کو پس پشت نہ ڈالیں۔ کورونا کے حوالے سے حکومتی اقدامات کے بارے میں کامران بنگش نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے خیبر پختونخوا حکومت تمام تر اقدامات لے رہی ہے, وباء کے آغاز سے ہی ہماری توجہ صحت کے نظام کو بہتر بنانے پر ہے۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ ہسپتالوں کی استعداد کار کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ یومیہ ٹیسٹوں کی تعداد بڑھائی جارہی ہے۔ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ محمود خان نے کورونا کے علاج کے لیے نشتر آباد میں ایک جدید طرز کی سہولیات سے آراستہ ہسپتال کا افتتاح کردیا یے۔ جس میں 58ایچ ڈی یو,آئی سی یو اور آئسولیشن بیڈز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ
این ڈی ایم اے کے تعاون سے پشاور انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں کورونا سنٹر بنایا جارہا ہے۔
جس میں کورونا مریضوں کے علاج کے لیے تمام جدید سہولیات میسر ہونگی۔ مذکورہ ہسپتال
300بستروں پر مشتمل ہوگا,ابتداء میں 50بیڈز ہونگے,جن میں34 ایچ ڈی یو بیڈز ہونگے جبکہ 16 وینٹیلیٹرز بھی میسر ہونگے۔ کامران بنگش کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان کورونا سے متعلق تمام تر اقدامات کو خود مانیٹر کر رہے ہیں۔ اس کے علاؤہ کامران بنگش نے محمکہ اطلاعات کی زمہ داری سونپنے پر وزیراعلی محمود خان اور وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ
محکمہ اطلاعات کو احسن طریقے سے چلانے اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پوری توانائی صرف کریں گے اور اپنی اعلیٰ قیادت کی توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
وی این ایس، پشاور











