سکھر۔ 17جولائی(اے پی پی): موٹر وے پولیس کی جانب سے سول اسپتال سکھر کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹرز کو خراج تحسین پیش کیا گیا، آئی جی موٹر وے کلیم امام کے احکامات پر ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں بھی موٹر وے این فائیو سیکٹر کے ایس ایس پی غلام سرور بھیو کی سربراہی میں سکھر سول ہسپتال کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو کرونا کے خلاف فرنٹ لائن پر جدوجہد کرنے پر موٹر وے پولیس کی جانب سے جنرل سلامی پیش کی گئی بعد ازاںگلدستہ پیش کیا گیا۔اس موقع پر ایس ایس پی موٹر وے غلام سرور بھیو کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے، دنیا بھر میں کرونا وائرس پر قابو پانے کے لئے فرنٹ لائن پر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر لوگوں کی بے لوث خدمت کرتے ہوئے اس مشکل گھڑی میں مسیحا ہونے کا ثبوت دیا۔آج اسی سلسلے میں سکھر کے ڈاکٹروں کو موٹر وے پولیس کی جانب سے جنرل سلامی دی جارہی ہے اور ان کی خدمات کو پوری پاکستانی عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ اس موقع پر میڈیکل سپریٹنڈنٹ تسلیم احمد خمیسانی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے خلاف ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی بھرپور طریقے سے جنگ جاری ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ موٹر وے جیسا ڈپارٹمنٹ نے ہمارے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو خراج تحسین پیش کیا جس کے لئے ہم ان کے شکر گذار ہیں۔ اس طرح کے پروگرام منعقد کرنے سے ڈاکٹروں کا حوصلہ مزید بڑھتا ہے۔
اطہراللہ/فاروق