وزیر اعلی محمود خان نے  شوگران میں سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر کے 3 مختلف  منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا

200

مانسہرہ، 17 جولائی (اے پی پی ):  وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے شوگران میں سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر کے تین مختلف  منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا،ان سڑکوں میں شوگران، گھنول پابرنگ اور  مانور ویلی روڈز شامل ہیں ۔سڑکوں کی مجموعی لمبائی 35 کلومیٹر ہے، جن  کی  تعمیر پر 14 کروڑ سے زائد کی لاگت آئے گی۔

اس مو قع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی محمود خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت وزیر اعظم عمران خان  کے وژن کے مطابق سیاحت کے فروغ کےلئے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھا رہی ہے۔ سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر سے علاقے میں سیاحت کو فروغ ملے گا اور مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ نئے بجٹ میں  ہزارہ کے مختلف سیاحتی مقامات تک سڑکوں کی تعمیر کے لئے 2400 ملین روپے کی رقم مختص کی گئی ہے، کائیٹ پراجیکٹ کے تحت سیاحتی مقامات کے لئے 370 کلومیٹر روڈ انفراسٹرکچر تیار کیا جا ریا ہے جبکہ کورونا کی مشکل صورتحال کے باوجود صوبے میں ترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ  ہزارہ ڈویژن میں سیاحت کو فروغ دے کر علاقے کی تقدیر بدل دیں گے، صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لئے ٹوارزم اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ  نئے ٹورازم زونز قائم کئے جا رہے ہیں۔

انہوں  نے مزید کہا کہ  کورونا صورتحال سے دیگر شعبوں کی طرح  سیاحت کا شعبہ بھی بری طرح متاثر ہوا ہے، سیاحت کے شعبے کو کھولنے کے لئے ایس او پیز تیار کئے گئے ہیں جبکہ عید الاضحی کے بعد وفاق اور دیگر صوبوں کی مشاورت سے سیاحت کے شعبے کو کھولنے پر کام کر رہے ہیں۔

وی این ایس ، مانسہرہ