مظفرگڑھ، 18جولائی(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ ضلع میں پائیدار قیام امن کے لئے علماء و مشائخ ضلعی انتظامیہ کے دست و بازو ہیں۔ علماء و مشائخ کے ذریعے امن و امان، بھائی چارے اور رواداری کا پیغام عام آدمی تک پہنچتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، ڈی پی او سید ندیم عباس بھی ان کے ہمراہ تھے، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عید الاضحی اور محرم الحرام کے موقع پر ضلع میں کوروناکی وبا سے بچاؤ کیلئے حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عام آدمی میں کورونا سے بچاؤ کا شعور بیدار کرنا ہے کہ وہ بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرے اور اپنے آپ کو اور اپنے گھر والوں کو اس مرض سے محفوظ بنائے، انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں، بازاروں اور مساجد میں ایس او پیز پر عمل کیا جائے تاکہ انسانی زندگی محفوظ رہے، انہوں نے علماء کرام کو ہدایت کی کہ جو فلاحی ادارے یا تنظیمیں عید الاضحی کے موقع پر قربانی کی کھالیں جمع کرنا چاہتی ہیں وہ اپنے درخواستیں ڈپٹی کمشنر آفس میں 20جولائی تک جمع کرادیں تاکہ ان کو اجازت نامہ جاری کیا جاسکے۔
ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا کہ عوام میں بھای چارے، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام امسال بھی پوسٹ گریجویٹ کالج میں عید الاضحی کی نماز ادا کی جائے گی، جہاں تمام مسالک کے علماء و مشائخ ایک جگہ نماز عید ادا کریں گے،جو اتحاد ویکجہتی کاعملی نمونہ ہوگا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او سید ندیم عباس نے کہا کہ آپس میں ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے ضروری ہے کہ تمام مسالک کے لوگوں کا احترام کیا جائے کسی کی دل آزاری نہ کی جائے، انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایسا مواد شائع کیا جارہا ہے جس سے دوسرے مسالک کے لوگوں کی دل آزاری ہوتی ہے، جو کسی بھی بڑے سانحے کا سبب بن سکتا ہے، تمام مکاتب فکر کے علما ء ومشائخ عوام میں یہ شعور پیدا کریں کہ ایسا مواد شائع نہ کیا جائے بلکہ ان کی حوصلہ شکنی کی جائے تاکہ ضلع سمیت ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال قائم رہے۔
اجلاس میں مولانا عبدالمعبود آزاد، حسین احمد مدنی، گلزار عباس نقوی، مولانا عبدالغنی ثاقب، مولانا عبدالستار، سید امیر حسن، فیاض نسیم، شیخ عامر سلیم، اختر بخاری اور ڈاکٹر فیض عباس نے اپنے اپنے خطاب میں ضلع میں مستقل قیام امن کے لئے اپنے اپنے تعاون کی یقین دھانی کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب پائیدار قیام امن کیلئے ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ کام کریں گے اور ضلع کو امن کے لحاظ سے مثالی ضلع بنائیں گے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان الحق سمیت تحصیل کارپوریشن کے چیف افسران نے شرکت کی۔
وی این ایس، مظفر گڑھ