بورے والا ،25 جولائی (اے پی پی ): بورے والا کو ضلع بناو تحریک اپنے مقصد کی کامیابی کے لئے فیصلہ کن مرحلے کی جانب گامزن ہوگئی، تمام سیاسی،سماجی،مذہبی،کاروباری،وکلاء اور دیگر تنظیمیں مشترکہ جدوجہد کے لئے ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہوگئیں۔بار روم میں نمائندہ تنظیموں کے مشترکہ اجلاس میں ضلع بناو تحریک کے حق میں قرارداد منظور کر لی گئی۔
بار روم میں صدر بار نوید احمد چیمہ کی زیر صدارت بورے والا کی تمام نمائندہ تنظیموں کے عہدیداران کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پی ٹی آئی کے ایم پی اے اعجاز سلطان بندیشہ اور ضلع بناو تحریک کے بانی پی ٹی آئی راہنماء سردار خالد نثار ڈوگر نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی ،اجلاس میں ایک متفقہ قرار دار کے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ پنجاب کی سب سے بڑی اور تحصیل کو نئے اضلاع کی فہرست میں شامل کیا جائے کیونکہ یہ 10 لاکھ سے زائد عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے۔
اجلاس سے خطاب میں ایم پی اے اعجاز سلطان بندیشہ نے کہا کہ بورے والا کو ضلع بنانے کا مطالبہ عوام کا جائز حق ہے جس پر حکومت سنجیدگی سے غور کررہی ہے اور میں عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ وزیر اعلی پنجاب بہت جلد اپنے دورہ ضلع وہاڑی کے موقع پر عوامی امنگوں کے مطابق بورے والا کو ضلع بنانے کا اعلان کر کے عوام کی اس دیرینہ محرومی کا ازالہ کریں گے۔
اجلاس سے پی ٹی آئی راہنماء خالد نثار ڈوگر، بورے والا بارایسوسی ایشن،انجمن تاجران،پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن،پاکستان کسان اتحاد،سول سوسائٹی نیٹ ورک،پیپلز پارٹی کےسابق صوبائی وزیر،سینئر وکلاء اور دیگر نمائندہ شخصیات نے بھی خطاب کیا۔
وی این ایس، بورے والا











