سکھر۔ 27جولائی(اے پی پی): ایس او پیز پر عمل کرنے میں ہی ہماری بقاءہے، احتیاط سب سے بڑا ہتھیار ہے جس کو استعمال کر کے کورونا وائرس کی وباءسے ہم خود کو بھی بچا سکتے ہیں اور اپنے اہلخانہ کو بھی محفوظ کر سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر سکھر محمد آصف جونیجو نے اپنے آفس میں تاجروں کے نمائندہ وفد جس کی قیادت سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن کر رہے تھے سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد میںمحمد زبیر قریشی،بابو فاروقی، ظہیر حسین بھٹی،محمد منیر میمن، محمد رضوان قادری، لالہ محب پٹھان، ڈاکٹر سعید اعوان، محمد اسلم شیخ،محمد اکرم، محمد عامر، امداد جھنڈیر، محمد عرفان، و دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر اے ڈی ایچ او ڈاکٹر شبیر احمد دایو نے ایس او پیز کے حوالے سے مکمل آگاہی دی اور کورونا وائرس کس طرح پھیلتا ہے اور اس کے پھیلاﺅ کو کس طرح روکا جاسکتا ہے اس کے حوالے سے تاجروں کو احتیاطی تدابیر سے آگاہی دی۔ اسسٹنٹ کمشنر سکھر نے مزید کہاکہ تاجر برادری کے مکمل تعاون سے ہی ہم ایس او پیز پر عملدرآمد کراسکتے ہیں اور تاجر برادری نے اس حوالے سے ہمیشہ تعاون کیا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ یہ تعاون جاری رہے گا۔ سندھ کا تیسرا بڑا شہر سکھر جو ایک بڑا تجارتی حب ہے بلوچستان اور سندھ کے بہت سارے شہروں کے لوگ یہاں خرید و فروخت کیلئے آتے ہیں اور سکھر کے تاجر ان افراد میں ایس او پیز کے حوالے سے بہترین شعور بیدار کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر حاجی محمد جاوید میمن اور دیگر تاجروں نے سکھر میں صفائی اور ڈرینیج کے نظام کے حوالے سے درپیش مسائل سے انہیں آگاہ کیا ۔
وی این ایس، سکھر