ملتان ، 30 جولائی (اے پی پی ): منیجنگ ڈائریکٹر واسا نسیم خالد چانڈیو نے کہا ہےکہ بڑی عید پر شہری بڑی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صفائی کا خاص خیال رکھیں، قربانی کے جانوروں کی اوجڑیاں ،انتڑیاں چارہ اور دیگر آلائشیں وغیرہ سیوریج لائنوں نالیوں اور نالوں میں ہرگز نہ پھینکیں کیونکہ سیوریج لائنوں اور نالیوں، نالوں میں پھینکی جانے والی آلائشیں، چارہ وغیرہ نہ صرف ماحول کا آلودہ کرتے ہیں بلکہ نکاسی آب میں شدید رکاوٹ پیدا کرکے عید کی خوشیوں کے موقع پر مسائل میں اضافہ کرتے ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار عید الاضحی کے حوالے سے شہریوں کو اپنے ایک پیغام اور شہر کے مختلف علاقوں میں کراؤن فیلیئر کے مقامات کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ایم ڈی واسا نے اس دوران شہریوں کو مزید آگاہ کیا کہ عید تعطیلات کے دوران تمام آپریشنل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں فراہمی و نکاسی آب کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے گا،اگر شہریوں کو واسا سے متعلق کوئی شکایت ہو تو مرکزی کمپلینٹ سیل کے رابطہ نمبر 1334 پر کمپلینٹ درج کروائیں تمام شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔
ایم ڈی واسا نے نیو ملتان وی بلاک کے قریب اور صاحب الزمان روڈ کے کراؤن فیلیئر کی مرمت کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اے پی پی /ملتان/ھامد