گلگت،10 اگست(اے پی پی):محکمہ جنگلات کے تعاون سے گلگت نلتر بالا میں ٹائیگر فورس نے ایک بشر دو شجر کی پالیسی کے تحت پودے لگائے،پودے لگانے کی تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکریٹری فتح اللہ خان ، پاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ کی جنرل سیکریٹری دلشاد بانو اور ڈپٹی جنرل سیکریٹری پروین جاوید ،سیکریٹری جنگلات گلگت بلتستان شاہد زمان سمیت سمیت کارکنوں نے شرکت کی۔
اس دوران مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سونامی بلین ٹری کے تحت ایک بشر دو شجر کے عنوان سے نلتر میں پودے لگائے گئے ہیں، یہ منصوبہ پورے گلگت بلتستان میں چل رہا ہے، اس کا مقصد گلگت بلتستان کو سرسبز و شاداب بنانا ہے تاکہ اس سے گلیشیئرز کے پگھلائو میں کمی آئے اور ماحول صاف ستھرا رہے۔
انہوں نے کہاہم سب کا فرض ہے کہ ہم درخت لگائیں اور ان کی حفاظت کریں۔ ہم محکمہ جنگلات کے چیف کنزرویٹر کے مشکور ہیں جنہوں نے اس پروگرام کا اہتمام وزیر اعظم عمران خان کے اعلان پر کیا اور ہم اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔
اس منصوبے کے تحت گلگت بلتستان کے چودہ مقاماتِ پر بارہ ہزار پودے لگائے گئے۔
وی این ایس، گلگت











