بورے والا : محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے، سیکورٹی کے انتظامات کے حوالے سے امن کمیٹی کا اجلاس

213

 بورے والا ،16اگست (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر وہاڑی کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالہ سے امن کمیٹی کا اجلاس اتوار کو یہاں منعقد ہوا، اجلاس میں تمام تر انتظامات کا جائز سمیت  امن و امان برقرار رکھنے کے حوالے  سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر وہاڑی کیپٹن(ر) وقاص رشید نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی قسم کی شر انگیزی کی ہرگز اجازت  نہیں دیں گے۔ محرم الحرام ہم سب کیلئے مقدس مہینہ ہے اور اس کے تقدس کو ہر صورت مقدم رکھا جا ئے گا۔ مجالس اور جلوسوں کے دوران کورونا وائرس کے ایس او پیز پر بھی عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ کورونا وبا سے بچا جا سکے۔

 انہوں نے کہا کہ ضلعی امن کمیٹی کا امن و امان کے قیام میں بہت اہم کردار ہو تا ہے، ہم نے اپنے ضلع کو امن کا گہوارہ بنانا ہے۔ علماءاکرام اورمعززین نے ہمیشہ پوری انتظامیہ کا ساتھ دیا ہے، ہمارے تمام مذہبی تہواروں کے موقع پر ضلعی امن کمیٹی کا کردار مثالی رہا ہے، تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران اپنی ذمہ داریاں پوری کریں ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےڈسٹرکٹ پولیس آفیسر احسان اللہ چوہان نے کہا کہ ضلع بھر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے، تمام مکاتب فکر کے لوگ بھائی چارے کی فضا قائم رکھیں گے ۔تمام داخلی و خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے جبکہ محرم الحرام میں پائیدار قیام امن کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء، ممبران امن کمیٹی اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کو ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ اخوت و ہم آہنگی کی فضا کو فروغ ملے۔

اجلاس میں ڈی پی او وہاڑی احسان اللہ چوہان سمیت ضلع بھر کے انتظامی افسران،امن کمیٹی کے ارکان اور تمام مسالک کے علماء کرام نے بھی شرکت کی۔