مظفر گڑھ، 16 اگست (اے پی پی ): وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کسانوں کو خبردار کیا ہے کہ اس وقت کپاس کی فصل پر سفید مکھی، چست تیلہ، تھرپس، لشکری سنڈی اور ملی بگ کے حملہ کی شدت میں اضافہ مشاہدہ میں آرہا ہے، ہفتہ میں دوبار سکاؤٹنگ کی جائے ، اگر ان کیڑوں کا حملہ معاشی نقصان دہ حد سے زیادہ ہو تو ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کی سفارشات کے مطابق سپرے کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفر گڑھ،ڈ ی جی خان،کوٹ چھٹہ،جام پور،محمد پور دیوان،فاضل پور اور راجن پور کے دورہ کے موقع پر کیا،دورہ کے دوران کپاس اورکماد سمیت دیگر کاشتہ فصلوں کی موجودہ صورت حال کاجائزہ لیا ۔
اس موقع پر موجودکاشتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سفید مکھی کے شدید حملہ کی صورت میں ہالوکون نوزل استعمال کریں۔ اگست میں گلابی سنڈی کی دوسری نسل نمودار ہوتی ہے۔گلابی سنڈی کی مانیٹرنگ اورموثر تدارک کیلئے6جنسی پھندے فی ایکڑ لگائیں اور 15 دن کے وقفے سے جنسی کیپسول کو تبدیل کریں۔
انہوں نے کہا کہ سپرے علیٰ الصبح یا شام 5بجے کے بعد کریں اور اندھا دھند سپرے کرنے سے اجتناب کریں۔پتہ مروڑ وائرس کاحملہ اور کپاس کا قد چھوٹا ہونے کی صورت میں یوریا کھاد بحساب آدھی بوری فی ایکڑ 15 دن کے وقفہ سے ڈرم میں حل کرکے استعمال کریں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹرز پیسٹ وارننگ الیاس رضا کلاچی اور راحت حسین سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔