لاہور، اگست 18(اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الہی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایگریکلچر پاکستان میں اکانومی کی بیک بون ہے اور ایگریکلچر کی ترقی سے اس ملک کو ترقی کی طرف گامزن کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل اسمبلی کی طرح پنجاب میں بھی ایگریکلچر کمیٹی بنائی جائے۔ تاکہ کہ کسانوں کے مسائل کو حل کیا جا سکے اور ان کو سہولیات مہیا کی جاسکیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ یہ کمیٹی ملک میں ایگریکلچر کی پروڈکٹس کے فروغ میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس کمیٹی کا مقصد ایگریکلچر کے لیے ایسی پالیسی بنانا ہے تاکہ ایگریکلچر پاکستان کی اکانومی کی مظبوطی میں بنیادی کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح وفاق اور پنجاب مل کر ایگریکلچر کی ترقی کے لئے کام کریں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے یے قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا کہ نیشنل اسمبلی میں جو زراعت کی ترقی کے لیے کمیٹی بنائی گئی ہے اس کی گائیڈ لائنز کو ہم پنجاب میں بھی عملدرآمد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بھی خواہش یہی ہے کہ مل جل کر کام کریں اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کریں۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ زراعت کا سیکٹر ہمارے جی ڈی پی گروتھ میں سب سے زیادہ کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے دس سال میں بدقسمتی سے زراعت کے سیکٹر میں اتنا کام نہیں ہوا جتنا ہونا چاہیے تھا۔ اب ہماری کوشش ہے کہ مل کر اس سیکٹر کو ترقی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار پہلے سے ہی زراعت پر بہت اچھا کام کر رہے ہیں لیکن اس کمیٹی سے ان کو اور بھی زیادہ فائدہ ہوگا۔











