گھوٹکی، 24 اگست (اے پی پی) : ڈی سی گھوٹکی لیفٹیننٹ رٹائرڈ محمد خالد سلیم نے ڈی ایچ کیو اسپتال نے اچانک دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا، دورے کے دوران ایم ایس ڈی ایچ کیو سمیت میڈیکل افسران بھی موجود تھے. اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپتالوں کی حالت بہتر بناکر ضلع بھر کے مریضوں کو صحت کی مکمل سہولتیں فراہم کی جائیں اس سلسلے میں کسی بھی مریض کو شکایت کا موقع نہیں ملنا چاہیے. انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کو صحت کی بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے اس کے باوجود اکثر مریض شکایت کرتے رہتے ہیں کہ انہیں سہولتیں فراہم نہیں کی جارہی اس لئے تمام میڈیکل افسران کو چاہیے کہ وہ مریضوں پر خصوصی توجہ دیں اور خوش اخلاقی سے پیش آکر بدکلامی سے اجتناب کریں کیوں کہ سرکاری اسپتالوں میں آنے والے اکثر مریض غریب و نادار ہوتے ہیں جو کہ خراب سلوک کی وجہ سے مایوسی کا شکار ہوجاتے ہیں اس لئے ایسی صورتحال برداشت نہیں کر سکتے. اس موقع پر انہوں نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ تمام ڈاکٹرز اور پیرا میڈک اسٹاف کا پابند بنایا جائے کہ وہ وقت کی پابندی سے ڈیوٹی کرکے عوام کی خدمت کریں اور ہسپتال میں آنے والے لوگوں کو پینے کے صاف پانی سمیت تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں جبکہ صفائی ستھرائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔











