پشاور، 24اگست(اے پی پی): وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ پشاور کی بی آر ٹی ملک کے دوسرے شہروں کی میٹرو سے ہزار درجہ بہتر ہے۔ بی آر ٹی کی تکمیل میں تاخیر پر عوام نے مثبت تنقید کی لیکن پہلے جتنی تنقید کی اب اس سے کہیں ذیادہ تعریف کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی نے پشاور، حیات آباد میں بی آر ٹی کے فیڈر روٹس پر زو بس سروس کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر یہ بسیں حیات آباد کے تین مختلف روٹس پر چلیں گی لیکن عنقریب چار مزید روٹس پر زو بسوں کا اجرا اور فیڈر روٹس اور بسوں کی تعداد میں مزید اضافہ بھی کیا جائے گا تاکہ پورے پشاور ریجن کی عوام اس سہولت سے مستفید ہوں۔
پشاور بی آر ٹی کی بسیں پہلے مرحلے میں حیات آباد کی تین مختلف روٹس پر چلیں گی جن میں فیڈر روٹس بس سروس روٹ مال آف حیات آباد سے فیز 6 ٹرمینل براستہ بشارت مارکیٹ تک ہ دوسرا روٹ کارخانو مارکیٹ سے فیز 7 ٹرمینل براستہ انڈسٹریل سٹیٹ اور فیز 7 چوک تک اور تیسرا روٹ مال آف حیات آباد سے فیز 7ٹرمینل براست باغ ناران اور حاجی کیمپ تک کا روٹ شامل ہے۔











