اسلام آباد ۔ 24 اگست (اے پی پی) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے پیر کو صوبوں کو محرم مجالس اور جلوسوں کے دوران ظابطہ اخلاق اور حفاظتی اقدامات کی سخت تعمیل کو یقینی بنانے کے لئے انتظامی اقدامات کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ محرم مجالس اور جلوسوں کے دوران حفاظتی رہنما خطوط کو یقینی بنانے کے لئے تمام مذہبی فرقوں اور علمائے کرام اور اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر تمام امور یقینی بنائے جائیں۔ اس موقع پر اسد عمر نے پاکستان کے مختلف ایریاز بالخصوص کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن، اسلام آباد اور لاہور میں کورونا کے حوالے سے رائج ایس او پیز پر سختی سے پابندی کو سراہا اور محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں میں شرکت کے دوران عوام کی جانب سے خفاظتی طرز عمل کی تعریف کی۔ اسد عمر نے تمام صوبائی حکومتیں بشمول گلگت بلتستان (جی بی) اور آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کی صورتحال کے حوالے سے سختی سے نگرانی کریں اور وبائی مرض پر قابو پانے کے لئے تمام تر حفاظتی اور صحت کے رہنما اصولوں کو یقینی بنائیں۔ فورم کو یکم محرم الحرام سے ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والی مجالس اور جلوسوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ فورم کو مزید بتایا گیا کہ تمام مجالس کے داخلی راستوں پر فیس ماسک ہینڈ سینیٹائزر اور تھرمل سکینرز کا ہونا لازمی ہے جس کے ساتھ ساتھ سماجی فاصلوں کا خیال برقرار رکھنا بھی اہم ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی کی صورت میں کورونا وائرس کی صورتحال بگڑ سکتی ہے عوام کے تعاون سے ہی اس وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ صوبائی چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے فورم کو خاص طور پر ماہ محرم کے دوران اس وباءسے بچنے کے اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ صوبائی انتظامیہ کی مرکزی توجہ محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات پر مرکوز ہے۔











