سکھر۔25اگست(اے پی پی ):سکھر انتظامیہ کی جانب سے ماتمی جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں شہر کے راستوں اور گلیوں کو رکاوٹیں کھڑی کرکے سیل کردیا گیا ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ماتمی جلوس کی نگرانی کی جارہی ہے ، جبکہ پولیس اور رینجرز کے ایک ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں ماتمی جلوس سے قبل ڈی آئی جی سکھر فدا حسین مستوئی اور ایس ایس پی سکھر عرفان سموں نے ماتمی جلوس کے روٹس کا معائنہ بھی کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔
پرانہ سکھر میں حضرت امام حسین اور ان کے دیگر رفقاءکار کی کربلا کے میدان میں دی گئی قربانیوں کی یاد میں پانچ سو سالہ قدیمی و تاریخی مسجد کے نام منسوب تعزیئے کا ماتمی جلوس نکالا گیا ہے ، ماتمی جلوس میں مسجد کے تاریخی تعزیے کے علاوہ دیگر تعزیئے الم پاک اور ذوالجناح بھی شامل ہیں ، پرانہ سکھر کے علاقے لال مکان سے نکالا گیا یہ ماتمی جلوس اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے اور رات گئے پیر ڈتل شاہ کے قبرستان میں اختتام پذیر ہوگا۔
ماتمی جلوس کے موقع پر پرانہ سکھر کی سڑکیں،گلیاں اور محلے سیاہ کپڑوں میں ملبوس عزاداروں سے بھری پڑی ہیں اور ہرطرف سے یاحسین کی صدائیں گونج رہی ہیں ماتمی جلوس میں روہڑی،سکھر،خیرپور سمیت اندرون سندھ کے دیگر شہروں سے ہزاروں کی تعداد میں عزادارن شریک ہیں اور سینہ زنی،زنجیر زنی اور نوحہ خوانی کررہے ہیں کی ماتمی جلوس کے دوران عزاداروں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کےلیے شہری دفاع سمیت سیاسی وسماجی تنظیموں اور اسکاوٹس گروپس کی جانب سے جگہ جگہ طبی امدادی کیمپ لگائے گئے ہیں ۔
a











