محرم الحرام جبر ناروا کے مقابلے میں سینہ سپر ہونے کا درس دیتا ہے: علامہ اجلال حیدر کا پیغام محرم

118

پشاور، 30اگست(اے پی پی):  شیعہ ذاکر ، علامہ سید اجلال حیدر کا کہنا ہے کہ محرم الحرام ہمیں یزیدیت کے جبر ناروا کے مقابلے میں سینہ سپر ہونے کا درس دیتا ہے کہ اسلام کا سپاہی اپنے قومی نظریے کے دفاع کیلئے ہر وقت جان وارنے کیلئے تیار رہتا ہے۔

علامہ سید اجلال حیدر راولپنڈی سے پشاور حسینیہ ہال عاشور کی مجلس میں بطور ذاکر شرکت کرنے پشاور آئے ہوئے ہیں، اپنی آمد پر میڈیا سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا  کہ ماہ محرم کربلا کے شجاعت آفریں اور عظیم ترین واقعات کی یاد دلانے کامہینہ ہے ،جس میں نواسہ رسول حضرت حسین ابن علیؑ کی حیات و شہادت نے عالم اسلام کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کیا اور دنیا کو اپنی قربانیوں،صبر اور جرات و استقلال کا گرویدہ بنا لیا۔

 انہوں نے کہا کہ اس عظیم ترین سانحے کی قدر و عزت کرنا درحقیقت عدل الہیٰ اور زہد و تقویٰ کی فضیلت کا اعتراف اور قدر شناسی ہے۔

سید الشہداء امام حسینؑ کی یادگار منانے کا مقصد یہ ہے کہ مسلمانان عالم اپنا تعلق نمائندگان الہیٰ کے ساتھ قائم و مستحکم کر سکیں اور فرقہ واریت اور انتشار کا قلع قمع کرسکیں جو آجکل ملک میں سوشل میڈیا کے ذریعے پروان چڑھ رہا ہے۔