خیبر پختونخوا میں عزاداری، شبیہ ذوالجناح کا سب سے بڑا جلوس پاراچنار کے مرکزی امام بارگاہ سے برآمد

121

پشاور، 30اگست(اے پی پی): پاراچنار کے مرکزی امام بارگاہ سے نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد شہدائے کربلا کی قربانی کی یاد میں تعزیئے ، علم اور شبیہ ذوالجناح کا صوبے میں سب سے بڑا جلوس برآمد کیا گیا جس میں ہزاروں عزاداروں نے سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے ہوئے امام عالی مقام کو خراج عقیدت پیش کیا اس موقع پر ضلع بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور افغان سرحد کی بندش کے ساتھ موبائل سروس بھی بند کردی گئی ہے جبکہ جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔

 ضلع بھر میں عزاداری کے جلوسوں کے اختتام پر تین سو سے زائد امام بارگاہوں میں مجالس شام غریباں برپا کئے جائیں گے۔ حیدری بلڈ بینک چنار بلڈ بینک اور ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے طبی امدادی کیمپ لگائے گئے ہیں اور عزاداری کیلئے جگہ جگہ چائے دودھ شربت اور پانی کی سبیلوں کے علاؤہ نیاز حسین کا بھی اہتمام کیا گیاہے۔