اسلام آباد،31 اگست (اے پی پی ): وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے ملک بھر میں محرم الحرام کے پر امن انعقاد پر انتظامیہ سمیت تمام صوبائی حکومتوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ تمام صوبوں اور وفاق کے درمیان باہمی مشاورت اور تعاون سے تمام انتظامات بہترین طریقے سے سرانجام دئے گئے جو کہ باعث فخر بات ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں وزیر داخلہ نے کہا کہ افواج پاکستان، ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کو منظم کاوشوں اور بخوبی اپنی خدمات سرانجام دینے پر داد دیتا ہوں۔امید کرتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں بھی تمام متعلقہ ادارے اور حکام اسی طرح ذمہ داری اور جان فشانی کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیتے رہیں گے۔
انہوں نے عوام سے التماس بھی کی کہ کرونا وبا سے متعلق لا پرواہی کا مظاہرہ نہ کریں اور حفاظتی اقدامات اپنائیں ،اجتماعات میں جاتے ہوئے ایک دوسرے سے جتنا ممکن ہو سکے فاصلہ رکھیں ،اپنے چہروں کو ماسک سے ڈھانپیں اور حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔