سکھر بیراج کے مقام پر ساڑھے5 لاکھ کیوسک پانی گزرے گا ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ

126

سکھر۔7 ستمبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں اونچے درجے کی سیلابی صورتحال ہے اور سکھر بیراج کے مقام پر ساڑھے5 لاکھ کیوسک پانی گزرے گا ، محکمہ آبپاشی نے حفاظتی بندوں پر بھرپور تیاریاں کیں ہیں، بارشوں کے بعد مزید تشویشناک صورتحال سندھ کے دیہاتی علاقوں کے اضلاع کی ہے جہاں پورا دریا ان کے ساتھ بہہ رہا ہے ، صوبائی حکومت قومی مصیبت کو تنہا نمٹ نہیں سکتی وفاق کی شدید مدد کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے سکھر بیراج کے دورے اور بریفنگ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس سے قبل سکھر بیراج پر ایگزیکٹو انجینئر سکھر بیراج کے دفتر میں محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ افسران کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ کو دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال، بیراج اور حفاظتی بندوں کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر صوبائی وزراءسید اویس شاہ، سعید غنی، جام خان شورو، شرجیل انعام میمن، امداد پتافی، کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر، ڈپٹی کمشنر رانا عدیل تصورسمیت دیگر موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 2010 میں سپر فلڈ تھا اس وقت اونچے درجے کی سیلابی صورتحال ہے گڈو بیراج کے مقام پر آج 5 لاکھ کیوسک سے بڑھ گیا ہے آئندہ دو روز میں سکھربیراج پہنچے گا ، محکمہ آبپاشی کے تمام ملازمین کو موبلائز کیا ہے حفاظتی بندوں پر کام جاری ہے سیلابی بہاﺅ کے حساب سے بندوں پر افرادی قوت میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گڈو تا کوٹری بیراج تک صوبائی وزراءاور اراکین اسمبلی کی نگرانی میں کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔