وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق کی ملاقات

80

لاہور، 9ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی(فیڈمک) میاں کاشف اشفاق نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں صنعتی عمل کو تیز کرنے اورکاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے ترقیاتی کام کو مزید تیز کریں گے،انڈسٹریل زون میں ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کو ون ونڈوسہولت دیں گے،پنجاب حکومت سرمایہ کاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرے گی-

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بے پناہ دلچسپی کا اظہار کیا، ہماری حکومت نے پنجاب کو سرمایہ کاری کے حوالے سے رول ماڈل بنایا ہے، آج پنجاب کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے سب سے آگے ہے۔

 انہوں نے کہا کہ  علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی سی پیک کا فلیگ شپ پراجیکٹ ہے،شہریوں کومعیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں مزید ترقیاتی کام کرائے جائیں گے، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں فلاح عامہ کے منصوبوں کے لئے خصوصی فنڈز مہیا کریں گے۔

 چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے سی پیک سے منسلک سپیشل اکنامک زون ،علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے ترقیاتی کاموں کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی اور انڈسٹریل سٹی میں بڑے پیمانے پر ہونے والی سرمایہ کاری سے آگاہ کیا۔

 میاں کاشف کا کہنا ہے کہ  علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں اب تک 40 بڑی کمپنیاں صنعتیں لگانے کے لیے تقریباً 1500 ایکڑاراضی خرید چکی ہے۔

 وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں صنعتی شعبے کے مثبت رجحان اور ترقیاتی کاموں کو سراہا۔