لاہور، 10ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کو بہتر بنا کر ترقی کو عوام کی دہلیز تک لے جائیں گے، نیا بلدیاتی نظام حقیقی معنوں میں عوام کو نچلی سطح پر بااختیار بنائے گا۔
بلدیاتی اداروں سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے لوکل گورنمنٹس کے منجمند فنڈز بحال کردیئے ہیں۔ان فنڈز کی تقسیم منصفانہ ہوگی اورپنجاب کے ہر شہر اورگاؤں میں ترقی کا نیا دورشروع ہوگا، لوکل گورنمنٹس کے فنڈز کو عوام کی ضروریات کے مطابق استعمال میں لایا جائے گا، فنڈز کے استعمال میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ بلدیاتی ادارے اپنی بنیادی ذمہ داری کو پورا کرنے میں کوتاہی نہ کریں،چھوٹے بڑے شہروں میں تسلسل کے ساتھ صفائی کے عمل کو یقینی بنایا جائے،گلیوں، محلوں اور بازاروں کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو صفائی کیلئے بہترین اور جدید مشینری فراہم کی جارہی ہے۔ بارش کے پانی کی بروقت نکاس کو یقینی بنانے کیلئے ڈرین نالوں کی صفائی میں غفلت برداشت نہیں کروں گا۔
سیکرٹری بلدیات نے اجلاس کے شرکاء کو بلدیاتی اداروں کے امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی۔