ملتان ستمبر ، 10 (اے پی پی ):ایڈیشنل سیکرٹری ایگریکلچر پلاننگ پنجاب راؤ محمد عاطف نے ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان کا دورہ کیا اوروائس چانسلر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی سے ملاقات کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری ایگریکلچر پلاننگ پنجاب راؤ محمد عاطف نے وائس چانسلر زرعی جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی سے ملاقات میں کہا کہ حکومت زرعی یونیورسٹی علاقے کی محرمیوں کو دیکھتے ہوئے بنائی گئی ہے،حکومت زراعت کی ترقی میں دلچسپی رکھتی ہے کیونکہ ہمارا ملک زرعی ملک ہے اور لوگوں کی بڑی تعداد شعبہ زراعت سے منسلک ہے۔
وائس چانسلر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی طلباؤ طالبات کی بہترین تعلیم و تربیت کیلئے اقدامات کے ساتھ ساتھ خطے کے کسانوں و کاشتکاروں کیلئے دن رات کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ زرعی یونیورسٹی میں نئی تعمیر شدہ عمارات معیاری اور جدید سہولیات سے آراستہ ہیں جس میں جدید لیبارٹریز، اکیڈمک بلاک، ایڈمن بلاک، گرلز ہاسٹل، بوائز ہاسٹل اور گیسٹ ہاؤس، لائبریری سمیت رہا ئشی کالونیاں شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ اپنے قیام کے مقصد کو پورا کرنے کے لئے دن رات کام کررہی ہے جس کے مثبت نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ زراعت سے ہمارا مستقبل وابستہ ہے۔ زرعی جامعہ یہاں کے کسانوں و کاشتکاروں کی کپسٹی بلڈنگ پر بھی خاص طور پر فوکس کر رہی ہے اس حوالے سے زرعی جامعہ متواتر ورکشاپس، سیمیناراور ٹریننگز وغیرہ کا انعقاد کروا رہی ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری ایگریکلچر پلاننگ پنجاب راؤ محمد عاطف نے زرعی یونیورسٹی میں جاری ریسرچ پراجیکٹس، ہائیڈروپانک یونٹ، ویجیٹیبل نرسری، گرین ہاؤس،زرعی جامعہ کی جدید طرز کی بنی عمارات،جدید لیبارٹریز سمیت زرعی جامعہ کے تحقیقاتی فارم جلال پور پیر ولا کا موقع پر جا کر معائنہ کیا۔ انہوں نے جامعہ میں مکمل کئے جانے والے ترقیاتی کاموں کو سراہا اور کہا کہ یہ یونیورسٹی مستقبل کی بڑی یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زرعی جامعہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں مل کر انفرادی طور پر تعلیمی اداروں کو آگے بڑھانا ہو گا تاکہ پاکستان کی نوجوان نسل کوسنوارا جا سکے۔ علاوہ ازیں ایڈیشنل سیکرٹری ایگریکلچر پلاننگ نے زرعی یونیورسٹی کے ایڈمن بلاک میں ساگوان کا پودا بھی لگایا۔ اس موقع پرسیکشن آفیسر پلاننگ کاشف بشیر، پروفیسر ڈاکٹر شفقت سعید، پروفیسر ڈاکٹر عرفان احمد بیگ، ڈاکٹر ذولفقار علی،رجسٹرار جامعہ عمران محمود،سی ای او کنزو ملتان آصف مجید،کاشف اسلام، سیف قریشی، علی محسن گردیزی،آصف حیات نے بھی شرکت کی ۔