گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے پی ٹی آئی  شمالی پنجاب کے صدر صداقت علی عباسی کی ملاقات

98

لاہور، 11 ستمبر(اے پی پی ):گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے پاکستان تحریک انصاف کے شمالی پنجاب کے صدر و ممبر قومی اسمبلی صداقت علی عباسی نے  جمعہ کو یہاں گورنر ہاؤس میں ملاقات کی، جس دوران  پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔

ملاقات میں بلدیاتی الیکشن کے انعقاد اور اس میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے بارے میں تفصیلی مشاورت سمیت پنجاب بھر میں امیدواران کے چناؤ کے طریقہ کار پر بھی تفصیلی غور کیا گیا اور پنجاب کی پہاڑی بیلٹ میں شدید موسمی حالات اور ممکنہ برفباری کے دوران بلدیاتی الیکشن کے انعقاد میں مشکلات پر بھی مشاورت کی گئی۔

ملاقات میں پنجاب آب پاک اتھارٹی کو جلد فعال بنانے اور اس کے زیر سایہ پانی سپلائی اسکیموں پر تفصیلی گفتگو سمیت پنڈی ڈویژن کو فیز ون میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ایم این اے صداقت علی عباسی نے مری کوہالہ روڈ کے لئے ایک ارب 32 کروڑ کا فنڈ جاری کرنے پر مری اور کشمیر کی عوام کی طرف سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کوہسار یونیورسٹی مری کے وائس چانسلر کی جلد تعیناتی میں مدد کرنے پر بھی ان کا عوام کی طرف سے شکریہ ادا کیا۔