کراچی، 11 ستمبر( اے پی پی): صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کے کراچی کے معاملات پر وفاق اور صوبائی حکومتیں ایک صفحہ پر ہیں۔
جمعہ کو یہاں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی 72 ویں یوم ِ وفات کے موقع پر مزار ِ قائد پر حاضری کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ11 سو ارب کا اعلان شدہ کراچی ترقیاتی پیکیج انشاءاللہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہم آہنگی کے ساتھ صحیح معنوں میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کریں گی اور اس سے مجموعی طور پر سندھ کی ترقی کے لیے راہیں کھل جائینگی ۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس پیکیج کے تحت منظور شدہ منصوبے اپنے مقررہ وقت یعنی تین سال کے عرصے میں مکمل کر لیے جائینگے اور یہ کہ عوام کے تمام خدشات کا خاتمہ ہو جائے گا۔
صدرمملکت کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح ہم نے کورونا وائرس کا مقابلہ کیا ہے اور اس مشکل صورتحال میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، دنیا کی باقی قوموں کے لیے ایک مثال قائم کی ہے۔اگر اسی جذبے سے ہم چلتے رہے تو یقینا ہم دینا کی بہترین قوموں میں اپنا نام لکھوانے میں کامیا ب ہوں گے ۔
صدر ِ مملکت نے اس موقع پر خاص طور پر حکومتی احساس پروگرام کا ذکر کیا جس کے ذریعے لاکھوں نا دار لوگ مستفید ہوئے اور ہو رہے ہیں۔انہوں نے ملک کے مخیر حضرات اور شعبہ طب سے وابستہ افراد، علماء اور میڈیا کے کردار کو سراہا جس کی وجہ سے پاکستان نے ایک عالمی وباء کے پھیلاؤ کو روکنے میں کامیاب رہا ۔
اے پی پی /کراچی/قرۃالعین