سرکاری اورپرائیویٹ سکولوں میں کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد کو سو فیصد یقینی بنایا جائے: ڈپٹی کمشنر

147

احمدپورشرقیہ، 12 اتمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ سرکاری اورپرائیویٹ سکولوں میں کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد کو سو فیصد یقینی بنایا جائے۔سرکاری اور پرائیویٹ سکول مینجمنٹ کو کورونا وائرس ایس او پیز سے آگاہ کیا جائے اور اس سلسلہ میں سکول کھولنے سے قبل محکمہ صحت کے افسران باقاعدہ ٹریننگ دیں تاکہ طلبہ و طالبات اور اساتذہ کورونا وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔

 وہ آج اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عامر نذیر کھچی، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر محمد اورنگ زیب،سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی ظہور احمد چوہان، فوکل پرسن راؤ محمد ذاکر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسرز ہیلتھ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، متعلقہ محکموں کے افسران اور پرائیویٹ سکولوں کے نمائندگان موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سکول اوپننگ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ اس سلسلہ میں کسی قسم کی سستی، غفلت اور کوتاہی نہ برتی جائے۔ اجلاس میں سکول اوپننگ ایس او پیز سے آگاہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے لیے تمام ادارے بھرپور انداز میں کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں صفائی کے بہتر انتظامات کیے جائیں اور کسی جگہ پر پانی نہ ٹھہرنے پائے۔ضلعی اور تحصیل سطح پر انسداد ڈینگی کے حوالہ سے مہم جاری رکھی جائے اور ڈینگی لاروا سرویلنس کے کام نہایت مستعدی سے کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اور سول سوسائٹی کے نمائندہ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جو کورونا ایس او پیز اور انسداد ڈینگی کے حوالہ سے اقدامات کا جائزہ لے گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سکولوں کی کورونا وائرس ایس او پیز اور انسداد ڈینگی مچھر کے حوالہ سے باقاعدہ چیکنگ کی جائے۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دفاتر، قبرستان، ٹائر شاپ، پارکس اور دیگر مقامات پر جا کر ڈینگی مچھر کے حوالہ سے چیکنگ کی جائے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر محمد اورنگ زیب نے بتایا کہ انسداد ڈینگی مہم ضلع بھرمیں جاری ہے اور اس سلسلہ میں سیمینار، واک کے انعقاد کے ساتھ ساتھ لوگوں کو آگہی کے لیے پمفلٹس تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ سی ای او ہیلتھ نے بتایا کہ ضلع بھر میں انسداد ڈینگی کے لیے412ان ڈور اور108آؤٹ ڈور ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 1747ہاٹ سپاٹس ہیں اور ضلع بھر میں ویکٹر سرویلنس نہایت مستعدی سے کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ31اگست 2020ء سے 6ستمبر2020ء تک ان ڈور، آؤٹ ڈور ٹیموں کی کارکردگی سو فیصد رہی اور تمام ہاٹ سپاٹس کور کیے گئے۔